نفسیاتی توازن: انتہا پسندی کے خلاف مضبوط دفاعی دیوار

by مجلسِ ادارتDecember 3, 2025
Cover for 'HamQadam' magazine, titled 'Best AI Tools for Education' in Urdu, featuring large white 'AI' text over a stylized brain with circuit patterns. Below are various AI tool icons and a magnifying glass over a neural network. The issue is for December 2025 and lists diverse topics.

شدید انتہا پسندی اب محض کوئی سیاسی یا سماجی مسئلہ نہیں رہی، بلکہ یہ براہِ راست افراد کی نفسیاتی کیفیت سے جڑ گئی ہے۔ جو لوگ نفسیاتی طور پر متوازن ہوتے ہیں، وہ انتہا پسندانہ افکار کی طرف کم مائل ہوتے ہیں، جبکہ نفسیاتی عدمِ توازن کے شکار افراد ایسے بیانات اور مواد سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں جو ان کے داخلی بحران، ذہنی کمزوری یا جذباتی انتشار کو استحصال کر کے انہیں تشدد کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔

اسی پس منظر میں نفسیاتی توازن ایک قدرتی دفاعی حصار کے طور پر سامنے آتا ہے، جو فرد کو فکری دھوکے، گمراہ کن پروپیگنڈے اور شدت پسندانہ بیانیے کی گرفت سے محفوظ رکھتا ہے، اور اسے دباؤ، کشیدگی اور سماجی چیلنجز کا غیر پرتشدد، حقیقت پسندانہ اور پُرسکون حل تلاش کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔

* انتہا پسندی کے مقابلے میں نفسیاتی توازن کی اہمیت

1- جذبات پر قابو اور حقیقت پسندانہ تشخیص

نفسیاتی طور پر متوازن شخص اپنے منفی جذبات—غصہ، بے چینی، خوف یا اضطراب—کو صحت مند انداز میں سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایسے افراد جذبات کے بہاؤ میں بہنے کے بجائے صورتحال کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کرتے ہیں، جس سے وہ ان شدت پسندانہ بیانات کے دھوکے میں نہیں آتے جو تشدد کو مسئلہ حل کرنے کا واحد راستہ بنا کر پیش کرتے ہیں۔

2- ذہنی الجھنوں اور نقصان دہ خیالات سے تحفظ

نفسیاتی توازن فرد کو اپنی دلچسپیوں، ترجیحات اور صلاحیتوں کو منظم رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے وہ کسی ایک احساس، خیال یا محرومی میں ضرورت سے زیادہ غرق نہیں ہوتا۔ یہی توازن اسے اس بات سے بچاتا ہے کہ وہ شدت پسند گروہوں کی طرف سے پیش کردہ پرتشدد سرگرمیوں میں ’’جعلی طاقت‘‘ یا ’’مصنوعی تعلق‘‘ تلاش کرے۔

3- نفسی خلاء، تنہائی اور ڈیجیٹل گوشہ نشینی میں کمی

نفسی بے چینی اور احساسِ کمتری اکثر انسان کو تنہائی، خود ساختہ گوشہ نشینی یا ڈیجیٹل دنیا میں بھٹکنے پر مجبور کرتی ہے، جہاں انتہا پسندانہ مواد اسے وقتی سہارا دے کر اندرونی خلا کو بھرنے کی کوشش کرتا ہے۔ نفسیاتی توازن فرد کو سماجی تعلق میں مثبت شرکت، صحت مند میل جول اور تعلق کے حقیقی ذرائع کی طرف مائل کرتا ہے، جس سے وہ مصنوعی گروہی وابستگی اور آن لائن شدت پسندانہ مواد کے جال میں پھنسنے سے بچ جاتا ہے۔

4- اندرونی اداسی اور خود کو کم تر سمجھنے کے احساس کی مزاحمت

گہری اداسی، شدید ذہنی دباؤ یا خود کی قدر کھو دینے کا احساس انسان کو اُن بیانیات کے سامنے کمزور کر دیتا ہے جو درد و تکلیف سے نجات کے لیے خود تباہی یا تشدد کو حل کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ نفسیاتی توازن فرد کو غم، اضطراب اور دباؤ سے صحت مند طریقے سے نمٹنے کی طاقت دیتا ہے، اور اسے خود کو نقصان پہنچانے یا دوسروں کے خلاف تشدد کے راستے پر چلنے سے روکتا ہے۔

*نفسیاتی توازن: ایک جامع حفاظتی حکمتِ عملی

نفسیاتی توازن کو انتہا پسندی کے خلاف پہلی اور سب سے مؤثر دفاعی دیوار سمجھا جا سکتا ہے، کیونکہ یہ:

  • فرد کو خود آگاہی، تنقیدی تجزیے اور معلومات کی درست جانچ کی صلاحیت دیتا ہے۔
  • احساسِ قدرِ ذات اور اعتمادِ نفس کو مضبوط کرتا ہے، جس سے جعلی ’’شناخت‘‘ یا ’’انتماء‘‘ تلاش کرنے کی ضرورت کم ہوتی ہے۔
  • آن لائن پرتشدد اور انتہاپسندانہ مواد کے اثرات کو محدود کرتا ہے۔
  • خطرناک رویوں، تشدد پسند گروہوں سے رابطے اور غیر حقیقت پسندانہ بیانیات میں ڈوبنے کے امکانات کو کم کرتا ہے۔

مختصر یہ کہ نفسیاتی توازن کوئی اضافی خوبی نہیں، بلکہ افراد اور معاشرے کو انتہا پسند سوچ سے محفوظ رکھنے کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔

الازہر آبزرویٹری برائے انسدادِ انتہا پسندی کے مطابق نفسیاتی توازن انتہا پسندی کے خلاف اولین دفاع ہے، اور انتہا پسند گروہ عموماً ایسے افراد کو نشانہ بناتے ہیں جو اپنے اندرونی بحرانوں، دباؤ، جذباتی کمزوری یا نفسیاتی خلا کے باعث زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس لیے:

  • نفسیاتی صحت کا فروغ،
  • افراد کے داخلی استحکام کی مضبوطی،
  • اور خود آگاہی میں اضافہ

ان تمام عوامل کو انتہا پسندی کے خلاف سب سے مؤثر حکمت عملی قرار دیا جاتا ہے، جو فرد کو اس مرحلے پر ہی محفوظ کر لیتے ہیں جہاں شدت پسند بیانیہ اس کی کمزوری کو استحصال کرنے کی کوشش کرتا ہے—اس سے پہلے کہ کوئی قانونی یا حفاظتی مداخلت ضروری ہو۔